نئی دہلی:( (ویب ڈیسک) چار مرتبہ کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد بالی وڈ سنگر کانیکا کپور نے مہلک وباء کو شکست دیدی اور صحت یاب ہو گئی ہیں جس کے بعد انہیں ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج کانیکا کپور کا کورونا ٹیسٹ چھٹی مرتبہ منفی آیا جس کے بعد انہیں ہسپتال سے فارع کر دیا گیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اے این آئی کے مطابق ہسپتال سے فراغت کے باوجود مشہور سنگر دو ہفتے تک گھر میں ہی قرنطینہ میں رہیں گی۔
یاد رہے کہ بے بی ڈول میں ’سونے دی‘ اور ’چٹیاں کلائیاں‘ جیسے گانوں کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا میں یکساں طور پر مقبول ہونے والی بالی وڈ کی گلوکارہ کانیکا کپورکا انگلینڈ سے واپسی کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پہلی مرتبہ کانیکا کا کورونا ٹیسٹ 20 مارچ کو کیا گیا تھا۔ کانیکا کے انگلینڈ سے ممبئی پینچنے کے 19 دن بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
انگلینڈ سے ممبئی واپسی کے دو دن بعد وہ لکھنئو چلی گئی تھی جہاں وہ قرنطینہ میں جانے کے بجائے ایک ہائی پروفائل پارٹی میں شریک ہوئی تھی جس میں کئی سیاستدان اور نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔
کانیکا پر اپنی ٹریول ہسٹری چھپانے اور بیرون ملک سے واپسی کے بعد قرنطینہ میں جانے کے بجائے پارٹیوں میں شرکت کرنے پر سخت تنقید ہوئی تھی۔
سنگر کے خلاف لکھنئو کے چیف میڈیکل آفیسر کی شکایت پر ایف آئی آر بھی درج کی گئی تھی۔ ایف آئی آر میں ان پر غفلت برت کر دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
بے بی ڈال سنگر کا پہلا ٹیسٹ 20 مارچ کو مثبت آیا تھا اور 29 مارچ کو کرایا گیا چو تھا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔ تاہم چار اپریل کو ان کا پانچوں ٹیسٹ منفی آیا۔ چھ اپریل کو ان کا چھٹا ٹیسٹ بھی منفی آیا، جس کے بعد انہیں آج پیر کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا اور گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
تاہم احتیاطاً وہ دو ہفتے کے لیے گھر میں قرنطینہ میں گزارے گی۔
خیال رہے انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کا دوسرا ہفتہ چل رہا ہے اور اب تک اس وبا کے تین ہزار چھ سو سے زائد مریض سامنے آئے ہیں۔