پیرس: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کی طرح فرانس میں بھی کورونا وائرس نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں اس کے باعث سینکڑوں افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے اس وباء سے نمٹنے کے لیے دن رات کوششیاں جاری ہیں، تاہم ایک خبر فرانس سے آئی ہے جہاں پر کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد فرانسیسی فٹبال لیگ کے ڈاکٹر نے خود کشی کر لی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور وبا نے ابتک دنیا بھر میں ہزاروں افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے اب موت کے خوف سے لوگوں نے خود کشیاں بھی شروع کر دی ہیں۔ فرانس کے لیگ ون کلب ریمس کے ڈاکٹر برنارڈ گونزالیز نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر خودکشی کر لی۔
فرانسیسی فٹبال کلب ریمس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ریمس کلب اور سیکڑوں مرد و خواتین برنارڈ کی موت پر افسردہ ہیں۔
فرانسیسی فٹ بال کلب ریمس کے میئر کا کہنا تھا کہ 60 سالہ ڈاکٹر برنارڈز گونزالیز اس کلب کیساتھ گزشتہ 20 سالوں سے وابستہ تھے۔
میئر نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر برنارڈز نے خودکشی سے پہلے ایک خط بھی لکھا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔