کورونا وائرس: اعصام الحق نے متاثرہ خاندانوں تک راشن پہنچانے کا ٹارگٹ پورا کر لیا

Last Updated On 06 April,2020 05:07 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے مشہور ٹینس سٹار اعصام الحق نے ملک بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کی تعداد کے بعد متاثرہ خاندانوں تک راشن پہنچانے کا اپنا ٹارگٹ پورا کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق 30 مارچ سے قومی ٹینس سٹار اعصام الحق کورونا کے خلاف جنگ میں متحرک ہوئے تھے، ہزار گھروں تک راشن پہنچانے کا کام شروع کیا تھا۔

وبائی آفت سے بچاؤ کے لیے قومی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق نے معروف سماجی تنظیم کے تعاون سے ایک ہزار مستحق فیملیز تک راشن پہنچانے کے لیے خود میدان میں آئے تھے۔

اعصام الحق نے اپنے پرستاروں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورتمندوں کی مدد کی اپیل بھی کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے اپنے ٹینس کیریئر میں سکھا ہے کہ ہم مل کر ہی مضبوط ہو سکتے ہیں۔

ٹویٹر پر دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے سفید رنگ کا کارڈ اُٹھا رکھا ہے جس کے ذریعے وہ امن کیلئے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دے ہیں۔ میری اپیل ہے کہ غریبوں میں راشن تقسیم کرنے کے لیے فنڈز دیں تاکہ ان کی مدد کی جا سکے۔

قومی ٹینس سٹار نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف لوگوں کو بھی ’ٹیگ‘ کیا، انہی میں سے ایک دنیائے ٹینس کے مشہور کھلاڑی نوواک جوکووچ اور بھارتی ٹینس سٹار کھلاڑی روہن بوپانا بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ ٹینس سٹار اعصام الحق سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی، سہیل تنویر، احمد شہزاد ، ان کی اہلیہ اور امپائر علیم ڈار سمیت دیگر کھلاڑی فلاحی کاموں کے لیے میدان میں اتر چکے ہیں اور لوگوں کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔

Advertisement