کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس سے تعمیرات کی سرگرمیاں متاثر ہونے لگیں، ایک ماہ کے دوران سیمنٹ کی کھپت میں 15 اعشاریہ 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان سینٹ مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے مطابق کورونا کی وبا کے باعث ملک بھر میں تعمیرات سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوگئی ہیں جس کے باعث صرف مارچ میں ہی سیمنٹ کی کھپت 15 اعشاریہ 4 فیصد کمی کے بعد 36 لاکھ 70 ہزارٹن رہی۔
یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات میں 25.63 فیصد اضافہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عرصے میں سیمنٹ کی مقامی کھپت لگ بھگ 18 فیصد کمی کے بعد 31 لاکھ 60 ہزا ٹن رہی جبکہ ایک ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات ساڑھے 5 فیصد اضافے سے 5 لاکھ 10 ہزار ٹن رہی۔
دوسری جانب جولائی سے مارچ کے دوران سیمنٹ کی فروخت 7 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 45 لاکھ ٹن رہی۔
ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے بعد تعمیرات سرگرمیوں میں تیزی آئے گی جس سے سیمنٹ کی کھپت میں اضافے کاامکان ہے ۔۔