لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرنے والے شاداب خان نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کی تعداد کے بعد میرا پیغام ہے سب لوگ اپنے گھروں میں زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور والدین کی خدمت کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت پورے ملک پر آیا ہوا ہے، ہمیں سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا۔
ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، سکیورٹی فورسز سمیت سب کا ساتھ دینا ہو گا۔ اس وقت میں سب کو متحد ہو نا ہو گا اور غریب لوگوں کی مدد کرنا ہوگی۔
Salam everyone. My message for all our brave doctors & forces fighting against the #CoronavirusPandemic. Look after your families, spend time with them. May Allah protect us. pic.twitter.com/Y1lRRza2VS
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) April 5, 2020
شاداب خان نے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم سب اپنے گھروں میں ہیں اپنے والدین کا خاص خیال رکھیں اور اپنےگھر والوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔
دوسری طرف شاداب خان نے اپنی بیٹنگ میں بہتری کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی سب سے بڑی وجہ بنگلا دیشی پریمئر لیگ اور اوپرز کے نمبر پر کھیلنا ہے۔
اس بہتری کے حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میں نے بیٹنگ آرڈر میں اپنا نمبر تبدیل کیا، اسی کے ساتھ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے کیلیے جانا میرے کیریئر کا اب تک کا بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ سپن آل راﺅنڈر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے اس بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہارکیا، پانچویں سیزن میں انھوں نے 159.39 کے اسٹرائیک ریٹ اور 37.57 کی اوسط سے 263 رنز بنائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ میں نے ابتدائی مرحلے میں وہاں پر میچز نہیں کھیلے مگر اس دوران روزانہ بہترین باؤلرز کے سامنے نیٹس میں 3 سے 4 گھنٹے تک بیٹنگ پریکٹس کرتا تھا، اسی طرح میں نے کچھ میچز میں بیٹ کے ساتھ پرفارم بھی کیا، اس سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا اور اپنی بیٹنگ صلاحیت پر یقین بھی بڑھا۔
شاداب خان نے حالیہ سیزن کی اپنی بہترین اننگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلنے کے تجربے سے متعلق کہا کہ میں اپنی ٹیم کی قیادت سے بہت زیادہ لطف اندوز ہوا، میری پرفارمنس میں بھی بہتری آئی، خاص طور پر میں نے دباﺅ کے لمحات کا بہترسامنا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل 5 میں میری بہترین اننگز پشاور زلمی کے خلاف 77 رنز تھے، خاص طور پر مجھے وہاب ریاض کے خلاف رنز سکور کرکے بڑا لطف آیا کیونکہ اس سے قبل ہم بی پی ایل میں ایک دوسرے کو چیلنج کرچکے تھے۔
اب تک کے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں مدمقابل آنے والے سب سے مشکل بیٹسمین سے متعلق سوال پر شاداب خان کا کہنا ہے کہ مجھے سٹیون اسمتھ کو باؤلنگ میں مشکل پیش آئی تاہم میں نے انھیں آسٹریلیا میں بولڈ کیا جہاں پر کنڈیشنز اسپنرز کیلیے زیادہ موزوں نہیں ہوتیں۔
آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین روہت شرما کو بھی کافی مشکل بیٹسمین محسوس کیا، ان کے خلاف باؤلر کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی، اگر آپ نے ان کے زون میں گیند کی تو وہ سیدھا چھکا جڑ سکتے ہیں۔