ہاشم آملہ نے اپنے کیریئر میں محمد آصف کو مشکل ترین باؤلر قرار دیدیا

Last Updated On 30 March,2020 06:29 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کے مینٹور ہاشم آملہ کا کہنا ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران پاکستان فاسٹ باؤلر محمد آصف بہترین باؤلر تھے جنہیں کھیلنا مشکل ہوتا تھا۔

یوٹیوب پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران محمد آصف کو بہترین باؤلرپایا، انہیں کھیلنا بہت مشکل ہوتا تھا، ان کی لائن اینڈ لینتھ بہت ہی اعلیٰ تھی کیونکہ وہ نئی گیند کے ساتھ حریف کھلاڑیوں کے لیے مسائل پیدا کرتے تھے۔

ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد آصف کی ایک اور خوبی یہ بھی تھی کہ وہ گیند کو دونوں اطراف سے کر سکتے تھے اور بیٹسمینوں کو سمجھنا مشکل ہو جاتا تھا۔

سعید اجمل کے حوالے سے باریش بیٹسمین کا کہنا تھا کہ سعید اجمل بھی بہترین باؤلر تھے لیکن ان کی گیندوں کو کھیلنا اتنا دشوار نہیں تھا۔

ہاشم آملہ نے پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان، محمد یوسف، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بہترین سابق کرکٹرز کی پی ایس ایل کے لیے خدمات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں پشاور زلمی کے لیے بحیثیت بیٹنگ مینٹور کے فرائض انجام دینے والے پروٹیز ٹیم کے سابق بلے باز ہاشم آملہ نے ملک میں گزارے اپنے بہترین لمحات اور تجربات سے مداحوں کو آگاہ کیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں ہاشم آملہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی نیک تنماؤں کا بھی اظہار کیا اور پی ایس ایل 5 کو بہترین ایونٹ قرار دیا۔

سابق باریش بیٹسمین کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) مستقبل میں غیرملکی کھلاڑیوں اور ٹیموں کو پاکستان آمد کے لیے حوصلہ افزائی کرے گی، لیگ کے سیزن فائیو سے قبل دبئی میں میچز ہوا کرتے تھے لیکن میگا ایونٹ کو ملک میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

انہوں نے نیک تنماؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان سپر لیگ اسی طرح ہر سال پھلے پھولے گا، تمام غیرملکی کھلاڑیوں نے سیزن 5 میں اچھا کھیل پیش کیا اور بہت لطف اندوز بھی ہوئے۔
 

Advertisement