لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء میں شرکت کرنے والے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایلکس ہیلز کے بارے میں خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ انہیں کرونا وائرس ہوا ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایونٹ کو منسوخ کیا تاہم ان خبروں کی تردید بیٹسمین نے خود کر دی۔
معروف کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز لندن میں کرونا وائرس ٹیسٹ کروا رہے ہیں شاید ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں۔
رمیز راجہ کے بیان کے بعد خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ نے بھی دعویٰ کیا تھا ایلکس ہیلز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے تنہائی اختیار کرلی ہے۔
تاہم ایلکس ہیلز نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ میرے متعلق جھوٹی خبریں مت پھیلائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انگلش کھلاڑی نے لکھا کہ کرونا وائرس کے باعث پی ایس ایل میں باقی سب کھلاڑیوں کی طرح میں نے بھی پاکستان کو چھوڑا، میں ہفتے والے دن برطانیہ پہنچا ہوں۔ محسوس کرتا تھا کہ ہزاروں میل دور لاک ڈاؤن میں رہنے کے بجائے میرا اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہنا زیادہ ضروری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ میں یہاں واضح کرتا چلوں کہ میں بالکل صحت مند ہوں اور مجھے کرونا وائرس نہیں ہے۔ البتہ اتوار کی صبح بیدار ہوا تو مجھے کچھ بخار تھا اور میں نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں خود کو محدود کر لیا اور ابھی بھی مجھے کچھ کھانسی ہے۔
An update on my situation, stay safe everyone pic.twitter.com/8mDPOBGmI8
— Alex Hales (@AlexHales1) March 17, 2020
جارح مزاج انگلش بلے باز نے کہا کہ ابھی وائرس کا ٹیسٹ ممکن نہیں لیکن مجھے امید ہے کہ آج میں کسی وقت ٹیسٹ کرانے کے بعد اس حوالے سے مکمل تصدیق کر سکوں گا۔
واضح رہےکہ ملک میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔