انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تردید کر دی

Last Updated On 17 March,2020 05:21 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز نے اپنا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبروں کی تردید کردی۔

واضح رہے کہ معروف کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کہا تھا کہ انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز لندن میں کرونا وائرس ٹیسٹ کروا رہے ہیں، شاید ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی ہیں۔

رمیز راجہ کے بیان کے بعد خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ نے دعویٰ کیا تھا ایلکس ہیلز کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے تنہائی اختیار کرلی ہے۔

تاہم ایلکس ہیلز نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ میرے متعلق جھوٹی خبریں مت پھیلائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انگلش کھلاڑی نے لکھا کہ کرونا وائرس کے باعث پاکستان سپر لیگ میں باقی سب کھلاڑیوں کی طرح میں نے بھی پاکستان کو چھوڑا، میں ہفتے والے دن برطانیہ پہنچا ہوں۔ میں محسوس کرتا تھا کہ ہزاروں میل دور لاک ڈاؤن میں رہنے کے بجائے میرا اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہنا زیادہ ضروری ہے۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ میں یہاں واضح کرتا چلوں کہ میں بالکل صحت مند ہوں اور مجھے کرونا وائرس نہیں ہے۔ البتہ اتوار کی صبح بیدار ہوا تو مجھے کچھ بخار تھا اور میں نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں خود کو محدود کر لیا اور ابھی بھی مجھے کچھ کھانسی ہے۔

جارح مزاج انگلش بلے باز نے کہا کہ ابھی وائرس کا ٹیسٹ ممکن نہیں لیکن مجھے امید ہے کہ آج میں کسی وقت ٹیسٹ کرانے کے بعد اس حوالے سے مکمل تصدیق کر سکوں گا۔


واضح رہےکہ ملک میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔