پی ایس ایل 2020ء ملتوی ہونے پر ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے افسردہ پیغامات

Last Updated On 17 March,2020 04:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے میچز ملتوی ہونے کے بعد ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے پیغامات سامنے آئے ہیں، کھلاڑیوں نے ایونٹ کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے سیمی فائنل اور فائنل کے میچز ملتوی کر دیئے ہیں جس کے بعد ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے پی ایس ایل ملتوی ہونے پر سوشل میڈیا پر پیغام سامنے آئے ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء ایونٹ کے ملتوی ہونے کا افسوس ہے لیکن احتیاط سب سے پہلے ہے۔

کپتان پشاور زلمی کا مزید کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ کا مشکور ہوں جو پورے ٹورنامنٹ کے دوران سپورٹ کرتے رہے۔

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سوچا نہیں تھا کہ ٹورنامنٹ ایسے ملتوی ہوگا، پی سی بی کے اقدام کو سراہنا چاہیئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا تھا کہ ہم سب پی ایس ایل کھیلنا چاہتے تھے لیکن اچانک سے فیصلہ سامنے آیا، شائقین کی جانب سے ہمیں بہت پیار ملا۔

ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر روی بوپار ا کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا سجا ہوا میلہ التوا کا شکار ہوگیا، میں شائقین سے سوال کرتا ہوں کہ کون سی ٹیم پی ایس ایل ٹرافی کی حقدار ہے۔

سابق کپتان اور ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بہت افسوس ہوا کہ پی ایس ایل کا اختتام ہو گیا لیکن ہمارے لیے صحت اور حفاظت پہلی ترجیح ہے۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ ایونٹ ملتوی ہونے کے بعد اگر میچز نہیں ہوتے تو کیا پی ایس ایل ٹرافی ایونٹ کے ٹاپ ٹیم کو دی جا سکتی ہے؟

لاہور قلندرز کے کھلاڑی اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کو ملتوی کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا اچھا فیصلہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر محمد حفیظ نے مزید لکھا کہ افسوس ضرور ہے لیکن ہمارے لیے سب سے پہلے صحت ترجیح ہے۔
 

Advertisement