لاہور: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں خودکشی کی تصدیق ہو گئی، گزشتہ روز سوشانت کی لاش ان کے گھر پر پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے پولیس ڈپٹی کمشنر ابھیشک ترمکھے نے 34 سالہ اداکار کی پوسٹمارٹم رپورٹ ملنے پر بتایا کہ ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ پولیس ترجمان نے اعتراف کیا کہ تفتیش کے باوجود تاحال یہ پتہ نہیں چلایا جا سکا کہ سوشانت نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیوں کیا، ان کے گھر سے ایسا کوئی تحریری مواد بھی نہیں ملا جو خودکشی کا سبب واضح کرتا ہو۔
سوشانت راجپوت کے چچا آر سی سنگھ نے پولیس کی جانب سے خود کشی کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سوشانت اپنی جان نہیں لے سکتا، پولیس کو معاملے کی تفتیش درست سمت میں کرنی چاہیے تاکہ اصل مجرم قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سوشانت کو قتل کیا گیا ہے۔