ترک اداکارہ اسراء بلجیک کا شیخوپورہ ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار

Last Updated On 03 July,2020 08:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ترکی کے ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسراء بلجیک (حلیمہ سلطان) نے شیخوپورہ میں ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ارطغرل غازی جسے ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13 ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

اس ڈرامے میں مرکزی کردار ارطغرل غازی اور حلیمہ سلطان ہیں، ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ڈراموں پوری دنیا میں سب سے زیادہ پاکستان میں دیکھا جا رہا ہے اور مقبولیت میں ترکی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں ترک اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے پیارے پاکستانیو! ٹرین حادثے میں ہونے والے نقصانات کے بعد تعزیت کو قبول کریں۔

ٹویٹ میں جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے مزید لکھا کہ جو لوگ دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں ان کیلئے دعا کر رہی ہوں، ان خاندان کیلئے بھی دعا گو ہوں جو اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری طرف ڈرامے کی ایک اور ترک اداکارہ گلثوم علی (اصلاحان خاتون) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹرین حادثے کا سن کر افسوس ہوا۔ اللہ تعالیٰ ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والوں پر رحم کرے، میرا دل اور دعائیں پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ شیخوپورہ کے قریب فاروق آباد جاتری روڈ ریلوے کراسنگ پر مسافر کوسٹر ٹرین کے ساتھ ٹکرا گئی۔ حادثے میں 20 سکھ یاتری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

پشاور سے ننکانہ صاحب فوتیدگی پر آنے والی سکھ فیملی کی کوسٹر کو حادثہ ہوا، سکھ خاندان کے افراد تعزیت کے بعد سچا سودا میں مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد منزل کی جانب روانہ ہوئے۔ سکھ یاتریوں کی دو گاڑیاں بحفاظت گزر گئیں لیکن تیسری گاڑی کو حادثہ پیش آیا، ڈرائیور نے کچے راستے سے گزرنے کی کوشش کی۔

کوسٹر فیصل آباد سے لاہور کی طرف جانے والی نان سٹاپ ٹرین کے ساتھ ٹکرائی۔ تیز رفتار ٹرین کئی میٹر تک کوسٹر کو گھسیٹتی لے گئی۔ المناک حادثے میں کوسٹر لوہے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
 

Advertisement