کینسر میں مبتلا بالی ووڈ اداکارہ دویا چوکسے کا انتقال

Last Updated On 12 July,2020 10:56 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ فلموں میں کام کر چکی اداکارہ اور ماڈل دویا چوکسے کا انتقال ہو گیا ہے۔ اس کی اطلاع ان کی دوست نہاریکا رائے زادہ نے ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعہ دی ہے۔

واضح رہے کہ دویا کینسر سے متاثر تھیں۔ ساتھ ہی ان کی مالی حالت بھی خراب ہو گئی تھی۔ انہوں نے اپنے ایک حالیہ ٹوئٹ میں لوگوں سے اپنی مدد کرنے کے لئے اپیل کی تھی۔

دویا نے بالی ووڈ میں انٹری ’ہے اپنا دل تو آوارہ‘ سے کی تھی۔ دویا چوکسے نے اپنے انتقال سے کچھ وقت پہلے انسٹاگرام سٹوری پر لکھا تھا کہ جو میں بتانا چاہتی ہوں کہ اس کے لئے لفظ ناکافی ہے۔ کچھ مہینوں پہلے تک میرے پاس بھاری تعداد میں حوصلہ بڑھانے والے پیغام آتے تھے لیکن اب میں بتانا چاہتی ہوں کہ دوستوں کہ میں اپنی موت کے بستر پر لیٹی ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ میں بہت مضبوط ہوں۔ برائے مہربانی اب مجھ سے کوئی سوال نہ پوچھیں۔ صرف بھگوان جانتا ہے کہ وہ میرے ساتھ کیا کرنا چاہتا ہے۔

اب ان کی بہن نے اس خبر کو پختہ کر دیا ہے کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے۔ اداکارہ کے انتقال پر بہت سے لوگ اب افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ حالانکہ اب وہ اپنی کینسر کے خلاف لڑائی کو ہار چکی ہیں۔