ممبئی: (روزنامہ دنیا) خودکشی کرنے والے 34 سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم ’’دل بیچارہ‘‘ کو آن لائن ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فلم کی کہانی ہالی وڈ فلم ’’دی فالٹ ان آور سٹارز‘‘ کا چربہ ہے، یہ مکیش چھابڑا کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم ہے جسے مئی میں سینما گھروں میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے روک دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سوشانت سنگھ نے چند روز قبل اپنے گھر میں پھندہ ڈال کر خودکشی کر لی تھی، پوسٹمارٹم رپورٹ میں بھی موت کی وجہ دم گھٹنا بتایا گیا تھا تاہم اداکار کے اہلخانہ نے پولیس کی جانب سے خودکشی کا دعوی مسترد کرتے ہوئے اسے قتل کی واردات قرار دیا تھا۔
سوشانت سنگھ ڈپریشن کے مریض بھی تھے اور مقامی نفسیاتی ڈاکٹر کے پاس وقتا فوقتا اپنا علاج بھی کرواتے رہے تھے۔