ممبئی: (روزنامہ دنیا) آنجہانی بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کو قتل قراردے کر ایک وکیل نے بھارتی ریاست بہار کی مقامی عدالت میں اداکارسلمان خان، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کرن جوہر سمیت آٹھ افراد کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت نے درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرکے اگلی سماعت کیلئے 3جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دائر کیس میں ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے الزام عائد کیا کہ آٹھ افراد سلمان خان، کرن جوہر، ادیتیا چوپڑا، ساجد ناڈیاوالا، سنجے لیلا بھنسالی، بھوشن کمار، ایکتا کپور اور ڈائریکٹر دنیش اداکارسوشانت سنگھ کی فلمیں ریلیز نہیں ہونے دیتے تھے اور ان کو مجبور کر دیا کہ وہ خودکشی کرلے ، وکیل کے مطابق یہ قتل کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ کی پھندہ لگی لاش 14 جون کو ان کے گھر سے ملی تھی تاہم خودکشی سے متعلق کوئی تحریر جائے واردات پر نہیں پائی گئی۔