پاکستانی ڈراموں کے مزاحیہ اداکار لطیف منا انتقال کر گئے

Published On 02 October,2020 05:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) لیجنڈ مزاحیہ اداکار لطیف منا 75 برس کی عمر میں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔

تفصیلات کے مطابق لیجنڈ اداکار لطیف منا قیام پاکستان سے قبل 1945 میں سرکاری ملازم عبدالعزیز اخوند کے ہاں کراچی کے علاقے لیاری میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لیاری سے حاصل کرنے کے بعد معروف نارائن جگ ناتھ ودیا (این جے وی) اسکول سے تعلیم حاصل کی۔

لطیف منا نے 30 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے 1977 میں ’پیوند‘ ڈرامے سے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد ان کی شاندار اداکاری کے باعث انہیں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد ڈراموں میں کاسٹ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس نے سینئر اداکار مرزا شاہی کی جان لے لی

لطیف منا نے ٹی وی سمیت اسٹیج تھیٹر میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا اور انہیں سندھی ڈراموں کے ابتدائی مزاحیہ اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

لطیف منا نے پوری زندگی لیاری میں ہی گزاری اور وہاں تشدد اور حالات خراب ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے آبائی علاقے کو نہیں چھوڑا۔ زائد العمری کے باعث لطیف منا گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھے اور حالیہ چند ماہ میں ان کی بیماری شدید ہوگئی تھی۔

انہیں سانس لینے میں مشکلات سمیت نمونیا جیسی شکایات تھیں اور بیماری کے بستر پر رہنے کی وجہ سے وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔