خواتین کے تحفظ میں قصور قوانین کا نہیں لوگوں کی خراب ذہنیت کا ہے: مہوش حیات

Published On 29 September,2020 06:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی تمغہ امتیاز اور معروف اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ ملک میں خواتین کے تحفظ میں قصور قوانین کا نہیں بلکہ لوگوں کی خراب ذہنیت کا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور موٹروےپر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے اور ملک میں بڑھتے دیگر جنسی زیادتی کے واقعات کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز فنکار بھی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے خواتین کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔

انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اپنی مقبول ترین فلم ’ایکٹر اِن لاء‘ کے ایک منظر کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اداکارہ عدالت میں موجود ہیں اور خواتین کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بُلند کر رہی ہیں۔

مہوش حیات نے لکھا کہ میں فلم ’ایکٹر اِن لاء‘ کا یہ منظر شیئر کرکے آپ سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ ہمارے ملک میں خواتین کے تحفظ میں قصور قوانین کا نہیں ہے بلکہ قصوروار یہاں کے لوگوں کی چھوٹی ذہنیت اور ناقص ادارے ہیں۔

مہوش حیات نے لکھا کہ ہمارے لیے شرم کی بات تو یہ ہے کہ فلم بننے کے اتنے عرصے کے بعد بھی یہاں کچھ نہیں بدلا ہے سب کچھ ویسا ہی ہے جیسا پہلے تھا۔