لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں ملوث اور پاکستان کی مشہور ماڈل و گلوکارہ ایان علی نے سالانہ آمدن کا نصف حصہ منافع فلاحی ادارے کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد ڈالرز دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیاگیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہاکیا جس کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئیں لیکن درجنوں بار طلبی کے باوجود ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے باعث ان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور ان کا اپارٹمنٹ بھی ضبط کیا جا چکا ہے۔
ایان علی نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ دوستوں میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ آپ کی زندگی میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ بہتری کی طرف لے جاتا ہے۔ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آپ سے وہ چیز شیئر کرنے جارہی ہوں جو میں ہمیشہ سے کرنا چاہتی تھی۔
ماڈل نے مزید لکھا کہ ہمیشہ سوچتی تھی کہ آپ کے آس پاس موجود منفی چیزوں کے باوجود دنیا کو ایک بہتر جگہ کس طرح بنایا جاسکتا ہے اور میرے خیال میں اس سے بہتر آئیڈیا اور کوئی نہیں ہوسکتاتھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سے میرے پہلے میوزک البم نتھنگ لائک ایوری تھنگ اور کسی بھی دوسرے پراجیکٹ جو کہ میں مستقبل میں کروں گی کی رائلٹی سے ہونے والی سالانہ آمدنی کا 50 فیصد منافع ’’بی مائی فرینڈ فاؤنڈیشن‘‘کو عطیہ کروں گی۔
ایان علی نے بتایاکہ ان کی فلاحی آرگنائزیشن ’’بی مائی فرینڈ فاؤنڈیشن‘‘ برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے ۔ یہ فاؤنڈیشن خواتین اور بچوں کی کسی بھی شکل میں مدد کرنے کے لیے کام کررہی ہے جس میں تعلیم ، طبی سہولیات اور قانونی مدد وغیرہ شامل ہے۔