لاہور: (روزنامہ دنیا) سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے پانی کی کمی کو موضوع بنا کر نئی ڈرامہ سیریل کی تیاری شروع کردی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سنگیتا نے ’’دشت وحشت ‘‘ کے نام سے بننے والی ڈرامہ سیریل کیلئے زاہد احمد اور عروہ حسین کو مرکزی کرداروں کے منتخب کر لیا ہے۔ سنگیتاان دنوں نئی سیریل ’’دشت وحشت‘‘ بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کی کاسٹ میں سوزین فاطمہ بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔
سنگیتا نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈرامے میں نئے فنکاروں کوبھی متعارف کرایا جائیگا اورسکرپٹ پانی کی کمی کے مسئلے پر لکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سنگیتا پاکستان کی منجھی ہوئی ہدایتکارہ ہیں، ان کی ڈٓائریکشن میں مختلف ڈراموں کے علاوہ بڑی سکرین کی متعدد شاہکار فلمیں مکمل ہوئی ہیں جن میں صرف تم ہی تو ہو، چنری، یہ وعدہ رہا، سولجر اور نکاح جیسی دیگر کئی شامل ہیں، سنگیتا نے اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔