فیصل آباد: سہولت بازاروں کے نام پر اسٹالز لگوا دیئے، چینی دستیاب نہ آٹا، شہری پریشان

Published On 20 October,2020 08:44 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سبزیوں اور اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کیلئے ضلع میں 18 سہولت بازاروں کے نام پر اسٹالز لگوا دیئے۔ شہری کہتے ہیں ریلیف کے نام پر مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کے ساتھ یہ بھونڈا مذاق کیا گیا۔

آٹا، چینی، دال اور سبزیوں کی آسمان پر پہنچی قیمتوں نے شہریوں کو ہلکان کر رکھا ہے۔ مہنگائی کی اس لہر پر قابو پانے اور شہریوں کوریلیف دینے کے لیے پنجاب حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو سہولت بازار لگانے کی ہدایات کی۔

شہریوں کو ان سہولت بازاروں میں سرکاری ریٹ کے مطابق اشیا فراہم کی جانی تھیں لیکن سہولت بازار کے نام پر لگائے جانے والے ان اسٹالز پر چینی تھی نہ آٹا، نام کی چند ایک دالیں رکھ کر بازار سجا دیا گیا۔

شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ ریلیف کے نام پر مہنگائی کے ستائے لوگوں کا مذاق اڑانے کے لیے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے دعوی کیا کہ 18 سہولت بازاروں کو فنکشنل کر دیا گیا جہاں پر 18 بنیادی ضروریہ اشیاء سرکاری ریٹ پر دستیاب ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو شتر بے مہار مہنگائی سے بچانے کے لیے اکا دکا سہولت بازاروں کے نام پر اسٹالز لگانے کی بجائے انتظامیہ مارکیٹوں میں اشیاء سستے داموں فروخت کروائے تاکہ عام آدمی کو بھی ریلیف مل سکے۔
 

Advertisement