گینگسٹرز کی دھمکی آمیز کالز آتی تھیں: شاہ رخ

Published On 03 November,2020 10:00 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں ایسا خوفناک وقت بھی آیا جب انہیں اصلی گینگسٹرز کی دھمکی آمیز ٹیلی فون کالیں موصول ہوتی تھیں۔

  میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں گینگسٹر نے کال کر کے اپنے من پسند پروڈیوسر دوست کی فلم میں کام کرنے کو کہا تھاجس پر اسے کہا ‘جیسے میں آپ کو نہیں بتاتا کہ کسے مارنا ہے کسے نہیں ایسے ہی آپ بھی مجھے نہ بتائیں کہ مجھے کونسی فلم کرنی ہے اور کونسی نہیں’۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ ‘انہیں انڈر ورلڈ کے ڈان ابو سلیم اور سلیم چھوٹا کی کالز آتی تھیں، دھمکی آمیز کالز میں انہیں گینگسٹر کی پسند کی فلموں میں کام کرنے کو کہا جاتا تھا’۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ‘وہ وقت میری زندگی کا پریشان کن اور ڈراؤنا ترین وقت تھا’۔


شاہ رخ خان پر لکھی گئی کتاب میں مصنفہ انوپمہ چوپڑا، گینگسٹرز کی کال سے متعلق تفصیل بیان کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ بالی وڈ کنگ کو فلم ‘دل تو پاگل ہے’ کی شوٹنگ کے دوران گینگسٹر کی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی جس پر شاہ رخ خان خوفزدہ ہو گئے تھے۔