ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کی کچھ شخصیات کی وجہ سے تمام اداکاروں پر نشے کا عادی ہونے کا الزام نہیں لگایا جا سکتا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اکشے نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ ہر اداکار پرنشے کا عادی ہونے یا نشہ فراہم کرنے کا الزام نہیں لگایا جا سکتا کیونکہ کچھ اداکاروں کی وجہ سے باقی تمام اداکاروں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے اور معاشرے میں اداکاروں بارے منفی تاثر پھیلایا جارہا ہے۔
یاد رہے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ان کی موت کو قتل کا رخ دیتے ہوئے ان کے قریبی دوستوں کے ساتھ بالی وڈ کے نامور اداکاروں پر بھی آنجہانی اداکار کو نشے کا عادی بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
تحقیقات کے دوران اداکارہ ریا چکر بورتی نے جب انسداد منشیات فورس کو بیان دیا تو انہوں نے بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان سمیت دیگر لوگوں کو بھی ڈرگ سکینڈل میں گھسیٹ لیا۔ سارہ علی خان نے پیشی بھگتی تو معاملہ یہاں رکا نہیں بلکہ بالی وڈ کے مزید ستارے لپیٹ میں آ گئے، دپیکا پڈوکون کو منشیات کیس میں طلب کیا گیا جس کے بعد شردھا کپور کو بھی تفتیش میں شامل کر لیا گیا۔
ریا چکرپورتی نے نارکوٹکس حکام کو دیئے گئے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ وہ سشانت سنگھ کیلئے منشیات منگواتی رہی تھیں۔