پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاورمیں دلیپ کمار ہائوس اور کپور حویلی خریدنے کا فیصلہ کر لیا، محکمہ آثار قدیمہ نے مراسلہ جاری کر دیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع دلیپ کمار ہائوس اور کپور حویلی کے تاریخی گھروں کو خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے، برصغیر کے لیجنڈ اداکار یوسف خان عرف دلیپ کمار کے گھر اور کپور خاندان کی حویلی کو دوبارہ اصل حالت میں بحال کیا جائیگا۔
محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے اس سلسلے میں ڈی سی پشاور کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں دونوں گھروں پرسیکشن فور نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، دونوں تاریخی گھر اس وقت انتہائی مخدوش حالت میں ہیں، تاریخی گھر قصہ خوانی بازار کے محلہ خدا داد میں واقع ہیں۔