پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں مہنگائی کی نئی لہر سے گھی،چینی اور دالوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا، سفید پوش طبقے اور معمولی تنخواہ دار ملازمین کی مشکلات بڑھ گئیں۔
پشاور میں مہنگائی کے نئے طوفان نے سفید پوش طبقے اور قلیل تنخواہ دار طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، چینی کی قیمت میں مزید 10 روپے اضافے کے بعد پرچون قیمت 110 روپے فی کلو ہوگئی ہے، گھی کی قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی کلو گھی 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ پہلے درجے کے گھی کی قیمت 215 روپے 230 روپے ہوگئی ہے، شہری کہتے ہیں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں۔
اوپن مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، دال ماش 200 سے بڑھ کر 250، چنا موٹا 120 سے بڑھ کر 140 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، دال چنا کی قیمت 140 سے 170 روپے فی کلو ہو گئی ہے، دال مسور کے نرخ بھی 140 سے 160 روپے فی کلو ہوگئے ہیں۔
اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کےلیے جہاں حکومتی اقدامات اشد ضروری ہیں وہیں گراں فروشوں کے خلاف بھی کارروائیوں میں تیزی لانی چاہیے۔