ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی اداکارہ مالوی ملہوترا کو شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر دوست کی جانب سے چھریوں کے وار کر کے زخمی کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، اداکارہ مالوی ملہوترا کا پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتانا ہے کہ ‘ وہ اور منیش پال سنگھ ایک دوسرے کو ایک سال سے جانتے ہیں، منیش سنگھ اُن سے شادی کرنا چاہتا تھا مگر اُنہوں نے انکار کے بعد بات کرنا بھی بند کر دی تھی جس پر ملزم طیش میں آ گیا۔
اداکارہ پر منیش نے چھریوں سے 3 گہرے وار کئے گئے جن سے ان کا ہاتھ اور پیٹ زخمی ہوا۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مہنگی گاڑی میں آیا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا، اس کی شناخت کر لی گئی ہے۔
مالوی نے پولیس کو مزید بتایا کہ ‘وہ گزشتہ رات دبئی سے واپس بھارت پہنچی تھیں، کھانے پینے کیلئے مقامی کیفے جا رہی تھیں کہ منیش آیا اور بات چیت بند کرنے کی وجہ پوچھی، انہوں نے ملزم سے کہا کہ وہ بات نہیں کرنا چاہتیں اس لئے ان کا پیچھا چھوڑ دے تاہم منع کرنے پر اس نے چھریوں سے 3 وار کئے جس کے باعث وہ بری طرح زخمی ہو کر زمین پر گر گئیں۔‘
پولیس کے مطابق مالوی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔