بھارت کے مشہور اداکار انتقال کر گئے

Published On 04 November,2020 07:37 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اداکار فراز خان سینے کے انفیکٹن میں مبتلا ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق 46 سالہ اداکار فراز خان گزشتہ کئی ماہ سے سینے کے انفیکشن کے باعث ریاست بنگلور کے مقامی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد چل بسے۔

چند ہفتوں قبل فراز خان کے بھائی فرمان خان نے بھائی کی صحت کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی تھی اور علاج کے لئے مالی امداد کے لئے درخواست بھی کی تھی جس کے بعد بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے فراز خان کے علاج کے تمام اخراجات کی ذمہ داری لیتے ہوئے ان کے بل ادا کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور بھارتی اداکارہ نے خود کشی کر لی

معروف اداکارہ اور فلم ساز پوجا بھٹ نے ٹویٹ میں فراز خان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت بھاری دل کے ساتھ یہ خبر سُنا رہی ہوں کہ فراز خان ہمیں چھوڑ گئے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ اس وقت وہ اچھی جگہ پر ہوں گے۔ اُن کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے بھرنا نا ممکن ہوگا لیکن آپ سب سے گزارش ہے کہ اپنی دعاؤں میں انہیں اور اُن کے اہل خانہ کو یاد رکھیں۔ ۔

11جولائی 1974 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے فراز خان 90ء کی دہائی کے آخر میں بالی ووڈ کی فریب، دلہن بنو میں تیری، مہندی اور چاند بجھ گیا جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔