لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ اور ملکی سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی شنیرا اکرم نے وبا کورونا وائرس کے دوران شادی کی بڑی تقریبات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو تقریبات مختصر رکھنے کی تجویز دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اپنے ایک بیان میں کیا جہاں پر انہوں نے اس حوالے سے اپنے خیالات اور تشویش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شنیرا اکرم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خاتمے کا انتظار کرنے لگیں
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ماضی میں بڑی بڑی شادیاں ایک چیز تھیں لیکن ہم اس وقت وبا سے گزر رہے ہیں تو کیوں نہ موقع کا فائدہ اٹھائیں اور اس وقت کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کریں۔
I understand that in the past big weddings were a thing.But we are mid pandemic,why not take the opportunity & use this time to your advantage,keep it small,save lives & save some money.People will understand I promise.I had a very small wedding,Its ok,We survived, You will too!
— Shaniera Akram (@iamShaniera) November 7, 2020
انہوں نے اپنا حوالہ دیتے ہوئے بھی بتایا کہ وہ کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم سے ایک چھوٹی سی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھیں۔ تقریبات کو مختصر رکھیں، زندگیاں بچائیں اور پیسہ بھی، میں وعدہ کرتی ہوں کہ لوگ سمجھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں لاکھوں لوگ کچرے میں رہنے پر مجبور ہیں: شنیرا اکرم
انہوں نے کہا کہ میری شادی کی تقریب بڑی نہیں تھی، یہ ٹھیک ہے، ہم بچ گئے، آپ بھی بچ جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں دوسری لہر آنے کے بعد کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے میں حیدر آباد میں کیسز مثبت آنے کا تناسب باقی تمام بڑے شہروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ رپورٹ ہوا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 15 بڑے شہروں میں مثبت کورونا کیسز کا تناسب بڑھتا نظر آرہا ہے، حیدر آباد 16.59فیصد کے تناسب کے ساتھ سب سے اوپر ہے، گلگت 15.38%فیصد، ملتان 15.97 فیصد ، مظفرآباد 14.12 فیصد، میرپور 11.11 فیصد، پشاور 9.69 فیصد، اسلام آباد 7.48فیصد، کراچی 7.12فیصد، لاہور 5.37 فیصد اور راولپنڈی میں یہ تناسب 4.63 فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں صفائی کے لیے شنیرا اکرم نے نئی خواہش کا اظہار کر دیا
ملک کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے مختلف پابندیاں بھی عائد کی ہیں جبکہ ملک کے ایسے علاقے جہاں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے وہاں سمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔