اداکار بہروز سبزواری کورونا وائرس کا شکار، ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج

Published On 02 December,2020 05:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد جہاں پر شہریوں کی بڑی تعداد وباء سے متاثر ہو رہی ہے، وہیں پر شوبز شخصیات بھی وائرس کی زد میں آنے لگی ہیں، معروف اداکار اداکار بہروز سبزواری بھی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور اداکار بہروز سبزواری میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ معروف اداکار بہروز سبزواری نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی۔

بہروز سبزواری نے بتایا کہ وہ اس وقت کراچی کے نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔ اس وقت کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں اور مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس نے سینئر اداکار مرزا شاہی کی جان لے لی

دوسری جانب ان کے بیٹے اور اداکار شہروز سبزواری نے بتایا کہ بہروز سبزواری میں 6 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ اس وقت سے ہسپتال سے زیرِ علاج ہیں۔

شہروز سبزواری نے بتایا کہ ان کے والد ٹھیک ہیں، وہ کووڈ وارڈ میں نہیں ہیں لیکن عمر 60 برس سے زائد ہونے کے باعث انہیں نگرانی میں رکھنے کی ضرورت ہے۔

اس کے ساتھ ہی اداکار شہروز سبزواری نے مداحوں سے والد کی صحتیابی کی دعا کی درخواست بھی کی۔

خیال رہے کہ بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی دوسری لہر: اداکار عثمان خان اور ماڈل فروا کاظمی کا ٹیسٹ مثبت آ گیا

کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔

ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت نے کئی سختیاں بھی عائد کی ہیں اور فیس ماسک پہننے کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔

حکومت نے وبا سے بچاؤ کی خاطر شادی ہالز میں شادی کی تقریبات پر پابندی عائد کرنے سمیت شادی کی تقریبات کو محدود رکھنے کے احکامات دیے ہیں جبکہ 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نفیس کورونا وائرس کی زد میں، گھر پرقرنطینہ کر لیا

خیال رہے کہ 2 دسمبر کی دوپہر تک پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہوچکی تھی جن میں سے 3 لاکھ 45 ہزار 365 صحتیاب ہوچکے ہیں جو 85 فیصد سے زائد ہے جبکہ 8 ہزار 166 مریضوں کا انتقال کرچکے۔

Advertisement