اداکارہ نیلم منیر بھی کورونا وائرس کی شکار ہو گئیں

Published On 09 December,2020 04:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ نیلم منیر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ نیلم منیر سے قبل رواں ماہ 2 دسمبر کو بہروز سبزواری بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے اور انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا، تاہم اب ان کی صحت بہتر ہے۔

بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس نے سینئر اداکار مرزا شاہی کی جان لے لی

کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔

ملک میں کورونا کی جاری دوسری لہر کے دوران جہاں اب ماضی کے مقابلے تیزی سے عام لوگ بھی اس مرض کا شکار بن رہے ہیں، وہیں شوبز شخصیات میں بھی اس وائرس کی تشخیص ہو رہی ہے۔

رواں ماہ دسمبر کے آغاز میں سینیئر اداکار بہروز سبزواری میں کورونا کی تشخیص کے بعد انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ اداکارہ نیلم منیر بھی کورونا کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

اداکارہ نیلم منیر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں گزشتہ دو دن سے سوشل میڈیا پر جاری تھیں، تاہم اب انہوں نے خود بھی اس کی تصدیق کردی۔

نیلم منیر نے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ خود میں کورونا کی تشخیص میرے اور اہل خانہ مشکل وقت ہے،تمام اہل خانہ ٹھیک ہیں، ان میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔

نیلم منیر نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے وبا سے بچنے کے لیے تمام حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے، تاہم اس باوجود وہ وبا کا شکار بنیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکار بہروز سبزواری کورونا وائرس کا شکار، ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج

اداکارہ نے کورونا کو خطرناک وائرس قرار دیتے ہوئے مداحوں کو تمام حفاظتی اختیارات اپنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر کسی کو فیس ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کے اختیار کرنے چاہیے۔ ان میں کورونا کی بڑی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور وہ خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے نیلم منیر نے کہا کہ عوام زیادہ رش والی جگہوں پر نہ جائیں اور اپنا مدافعتی نظام مضبوط بنا کر اس وبا سے محفوظ رہیں۔

نیلم منیر کی جانب سے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دیے جانے کے بعد لوگوں نے ان کے لیے نیک تمنائیں کیں جب کہ ساتھی اداکاروں نے بھی ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
 

Advertisement