لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی خوبرو اور معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں گزارے دنوں کی روداد مداحوں کو بتا دی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے والی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی حالیہ پوسٹ میں آئسولیشن میں گزارے گئے وقت کا احوال سنایا ہے کہ وہ اہلخانہ، دوستوں اور معمولات زندگی کو یاد کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’میری طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے‘ :ماہرہ خان دعاؤں کیلئے مداحوں کی مشکور
انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں ماہرہ خان نے کورونا کے باعث آئسولیشن میں گزارے جانے والے وقت کا احوال بتایا ہے کہ وہ معمولاتِ زندگی کو کتنا یاد کررہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے پرانے گانے سنے، بہت کچھ پڑھا، لکھا، کچھ حیرت انگیز فلمز دیکھیں، زندگی کا سوچتے ہوئے مسکرائی اور روئی بھی اور موم بتیاں روشن کیں اور پھر ہر رات کچھ مزید روشن کیں۔ میں نے اپنے بچے کو بہت زیادہ یاد کیا، میں نے ان لوگوں کو یاد کیا جن سے میں بہت محبت کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تکلیف اور بے سکونی کے لمحات میں، میں اپنی زندگی کی تمام چیزوں، رحمتوں، برکتوں اور زندہ رہنے پر کائنات کا صرف شکریہ ہی ادا کرسکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کے اثاثے تقریباً ایک ارب روپے
ماہرہ خان نے ایک مرتبہ پھر سالگرہ کی مبارکباد اور محبت پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو بھی اپ لوڈ کی تھی جس میں ملکہ ترنم نور جہاں کا گانا بیک گراؤنڈ میں چل رہا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں یہاں چھت پر بیٹھی ہوئی آسمان کی شان وشوکت دیکھ رہی ہوں۔ ویڈیو میں میڈم نورجہاں کے گانے چاندنی راتیں کا اضافہ کیا ہے، ہم حقیقت میں اس وقت مرتے ہیں جب ہمیں بھلا دیا جاتا ہے، وہ ( نورجہاں ) ہر روز اور ہمیشہ جیتی ہیں۔