گوگل اور وکی پیڈیا نے ’حلیمہ سلطان‘ کو اداکار یاسر حسین کی ’والدہ‘ بنا دیا

Published On 26 December,2020 06:29 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) گوگل اور وکی پیڈیا نے ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرا بلگچ کو اداکار یاسر حسین کی ’والدہ‘ بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس اکتوبر میں سرچ انجن گوگل نے بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کو افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا تھا۔

اور اب گوگل و وکی پیڈیا ترک ڈرامے  ارطغرل غازی  میں  حلیمہ سلطان  کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ایسرا بلگچ کو پاکستانی اداکار یاسر حسین کی والدہ کے طور پیش کر رہا ہے۔

انٹرنیٹ سرچ انجن کے الگورتھم میں خرابی کے باعث گوگل نے جہاں بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی بیوی انوشکا شرما کو کنوارے افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا تھا۔

اب وہیں الگورتھم کی غلطی یا خرابی کے باعث ایسرا بلگچ کو یاسر حسین کی والدہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ غلطی ممکنہ طور پر گوگل کے الگورتھم کی وجہ سے ہو رہی ہے جو کہ یاسر حسین کے نام سرچ کرنے پر سرچ پیج کھلنے پر وکی پیڈیا کے سیکشن میں ایسرا بلگج کو ان کے والدین کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

تاہم اگر وکی پیڈیا کا پیج کھولا جائے تو اس میں ایسرا بلگچ کا کوئی ذکر نہیں اور اسی طرح اگر گوگل پر یاسر حسین کے والد کا نام تلاش کیا جائے تو بھی الگورتھم میں کوئی خرابی نہیں دکھائی دے رہی۔

تاہم سرچ کے مین پیج پر یاسر حسین کے تعارفی سیکشن میں ایسرا بلگچ کو ان کے والدین کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اسی سرچ پیج پر اقرا عزیز کو ان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

وکی پیڈیا و گوگل کے الگورتھم میں خرابی کے باعث ایسرا بلگچ کو یاسر حسین کی والدہ کے طور پر پیش کرنے پر سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

انٹرنیٹ سرچ انجن کے ٹولز پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر یہ غلطی اس لیے ہو رہی ہے، کیوں کہ یاسر حسین حالیہ چند ماہ میں ترک ڈرامے کے کرداروں پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یاسر حسین کی جانب سے ایسرا بلگچ کو پاکستانی برانڈز کے سفیر مقرر کیے جانے پر تنقید کیے جانے کی وجہ سے الگورتھم ترک اداکارہ کو ان کی والدہ کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وکی پیڈیا و گوگل سرچ انجن یاسر حسین کی عمر 36 سال جب کہ ایسرا بلگچ کی عمر 28 سال بتا رہے ہیں، یعنی انٹرنیٹ نے کم عمر خاتون کو خود سے 8 سال زائد عمر مرد کی والدہ بنا ڈالا۔
 

Advertisement