سجل علی فلم میں کام کریں گی: جمائما کی تصدیق

Published On 16 January,2021 09:00 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) اداکارہ سجل علی برطانیہ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے پہنچ چکی ہیں۔

پہلے یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ سجل برطانوی پروڈیوسر جمائما گولڈ سمتھ کی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں تاہم اب جمائما نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ سجل ان کی فلم کے ذریعے ہالی ووڈ میں انٹری دینے کو تیار ہیں۔

جمائما کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ‘واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ’ کی شوٹنگ لندن میں شروع ہوگی۔ جمائما نے فلم کی کاسٹ میں شبانہ اعظمی اور سجل علی کی شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ٹویٹ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سجل علی اور شبانہ اعظمی لکھ کر سٹار والی ایموجی کا اضافہ کیا۔

دوسری جانب یہ اطلاع سجل کے ایجنٹ کی جانب سے دی گئی ہے تاہم خود سجل نے اپنے بین الاقوامی پراجیکٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خود کچھ نہیں بتایا۔