لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ملاقات کر کے لاہور کی صفائی کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی بھی موجود رہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کی صفائی بارے کوششیں تیز ہوگئیں۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں سردار عثمان بزدار سے میاں اسلم اقبال نے ملاقات کر کے بریفنگ دی۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور کو زیر ویسٹ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، اندرون شہر، چھوٹی آبادیوں اور پوش علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، خراب مشینری کو جلد فعال کر کے روڈ پر لایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عملہ نئے جذبے اور عزم کے ساتھ صفائی کے کام میں جدت لائے، سٹریٹ لائٹس اور پیچ ورک کیلئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں، ایل ڈبلیو ایم سی اور انتظامی افسران مشترکہ کاوشوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ اٹھائیں، مکینیکل سوئپرز کے ذریعے سڑکوں کو صاف کیا جائے۔
صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بتایا کہ 40 فیصد مشینری سے 85 فیصد کوڑا کرکٹ اٹھا لیا ہے، انشاء اللہ جمعہ تک لاہور کو زیروویسٹ کر دیا جائے گا۔
ادھر ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں شہر کو لش پش کرنے کے لئے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ افسران کی نگرانی میں کوڑا اٹھانے کے لئے لوڈرز اور ڈمپرز کا استعمال جاری ہے۔