لاہور: (دنیا نیوز) جائیداد کی لالچ میں خون سفید ہو گیا، بیٹے نے کرائے کے قاتلوں سے اپنے باپ کو قتل کروادیا، پولیس نے بیٹے سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل رمضان نامی تاجر کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، اس اندھے قتل کا پولیس نے سراغ لگا لیا۔ واردات کے بعد باپ کے قتل کا مقدمہ اسی بیٹے عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق تفتیشی افسر نے جائے واردات کی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے قاتلوں کا پتہ لگا لیا۔ ابتدائی طور پر شک کی بنا پر جب بیٹے سے تفتیش کی گئی تو اس نے سارا راز اگل دیا اور اعتراف جرم کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں کرائے کے قاتلوں کو حراست میں لے کر ان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔
ملزم عدنان نے بتایا کہ اس نے کرائے کے دو قاتلوں کو 12لاکھ روپے کے عوض اپنے والد کو قتل کروایا تھا، اس نے 5لاکھ روپے ایڈوانس دیئے اور باقی رقم کام پورا ہونے پر ادا کرنا تھی۔
ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے35ہزار رورپے کا پستول خریدا تھا جس سے فائرنگ کرکے عدنان کے والد کو قتل کیا، اس طرح پولیس نے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا۔