راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے نواحی علاقے کلرسیداں میں راستہ کے تنازع پر خونی تصادم ہوا جس کے باعث دو بھائیوں اور بہن سمیت چار افراد مارے گئے۔ چاروں افراد کو چچا زاد بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ میں 8 افراد شدید زخمی ہوئے، خونی تصادم کلرسیداں کے نواحی علاقے سموٹ میں ہوا۔ قتل ہونے والوں میں محمد زرین، عنصر اقبال اور دو خواتین صورہ بی بی اور رقیہ بی بی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں محمد حسن، مظہر حسین، محمد وسیق، محبوب خان، زمرد اقبال، زیب النساء اور رفزان بی بی شامل ہیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دیوار کی تعمیر کے تنازع پر دو فریقین کی تلخ کلامی ہوئی۔ دونوں فریقین آپس میں رشتہ دار اور ہمسائے بھی ہیں، فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔ اہل علاقہ نے گھروں میں چھپ کر اپنی جانیں بچائی جبکہ پولیس بروقت اطلاع کے باوجود موقع پر دو گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔