لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ لاہور آج رات زیرو ویسٹ ہوجائے گا، صرف 500 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھانا باقی رہ گیا ہے۔
وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے بتایا ہے کہ چند دنوں میں لاہور سے 25 سے 30 ہزار ٹن کوڑے کا بیک لاگ اٹھا لیا گیا ہے، چند دنوں میں اس قدر کوڑا کرکٹ اٹھانا ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 ہزارسے زائد سینیٹری ورکرز فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، 551 مشینیں صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کےلئے کام کررہی ہیں، پرائیوٹ سیکٹر سے بھی مشنیری لے کر کام کررہے ہیں، خراب شدہ مشینری کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
اسلم اقبال نے بتایا کہ ارفع کریم ٹاور کی پچھلی سائیڈ سے کمپنیوں کی چھپائی مشینری برامد کر لی گئی ہے، سیاسی بنیادوں پر انتظامی عہدوں پر بھرتی کئے گئے لوگ حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں، یہ لوگ ایل ڈبلیو ایم سی کو ناکام دکھا کر کمپنیوں کی واپسی چاہتے ہیں۔