لاہور: (دنیا نیوز) اورنج ٹرین کا عملہ بے لگام، اعوان ٹاؤن سٹیشن میں مزدوروں کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے اطلاع ملنے پر مزدوروں کو عملے سے بازیاب کرایا۔
اورنج لائن اعوان ٹاون سٹیشن کے عملہ نے مزدروں پر تشدد کی انتہا کر دی۔ سٹیشن عملہ نے مزدوری کی تلاش میں 5 افراد کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ عملے کی مزدوروں پر ڈنڈے برسانے کی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
فوٹیج میں اعوان ٹاون سٹیشن کے عملے میں خاتون سمیت متعدد افراد ڈنڈے اٹھائے دکھائی دے رہے ہیں۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر مزدوروں کو عملے سے بازیاب کروایا۔
یاد رہے زخمی ہونے والے مزدوروں نے میٹرو سٹیشن کے نیچے سردی سے بچنے کے لئے آگ لگا رکھی تھی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے عملے کی جانب سے مزدوروں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔