سیف خان ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر، بی جے پی رہنماوں‌ کی دھمکیاں‌

Published On 18 January,2021 09:47 am

ممبئی:(روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکار سیف علی خان ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے، مودی پارٹی بی جے پی کے رہنما دھمکیاں دینے پر اتر آئے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق سیف کی نئی ویب سیریز ‘‘تانڈو’’ میں دکھائے گئے ایک سین میں ویب سیریز کے اداکار محمد ذیشان ایوب ہندو دیوتا شیوا کا روپ دھارے کچھ نازیبا الفاظ بول دیتے ہیں۔ بی جے پی لیڈر رام کدم نے کہا اگر کسی نے ہمارے دیوتاؤں کا مذاق اڑانے کی ہمت کی تو ہم اس کی چوراہے کے بیچوں بیچ جوتوں سے پٹائی کریں گے ۔ رام کدم نے ذیشان ایوب ، سیف خان اور ویب سریز کی پوری ٹیم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی شوبز انڈسٹری میں اکثر ہی ہندو دیوتاوں کو دکھایا جاتا ہےجن میں بے ادبی کا عنصر بھی پایا جاتا ہے لیکن جونہی ایسی کوئی پیشکش مسلمان پروڈیوسرز یا اداکاروں کی جانب سے سامنے آتی ہے ہندو انتہا پسند بات کا بتنگڑ بنانے سے نہیں چوکتے بلکہ مقدمات تک درج کروا کر معاشی و سماجی پابندیاں عائد کر دی جاتی ہیں۔

اس سے قبل بھی سیف علی خان کو اس وقت معذرت کرنی پڑ گئی تھی جب انہوں نے ہندو دیو مالائی کردار راون سے متعلق ایک بیان دیا تھا جس میں سیف علی نے کہا تھا کہ راون ایک منفی کردار ہے مگر ایسے پیش کریں گے جو ناظرین کیلئے تفریح سے بھرپور ہو گا۔ یہی بات اگر کسی ہندو ڈائریکٹر یا پروڈیوسر کی جانب سے کی جاتی تو ایسے سنی ان سنی کر دیا جاتا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔