ممبئی:(روزنامہ دنیا ) بھارت کے سپر سٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ مجھے اپنی عزت اور مقام بنانے میں 34 سال لگے اور مجھے اپنی اس عزت کو برقرار بھی رکھنا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ جتنے بھی میرے چاہنے والے ہیں وہ مجھے جانتے ہیں، میں نے اپنا مقام اور یہ عزت بہت آسانی سے نہیں بنائی ہے ، تمام تر محنت اور مشکلات کے بعد عزت بنائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی بھی بہت آگے جانا ہے ، بہت عزت اور پیار کمانا ہے ۔سلمان سے سلو، سلو سے بھائی اس میں رکاوٹ نہیں ڈالئے گا یہی درخواست ہے ۔سلمان خان گفتگو کرتے ہوتے بہت سنجیدہ تھے جبکہ انہیں سننے والے تمام افراد بھی بالکل غور اور سنجیدگی سے ان کی باتوں کو سن رہے تھے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اپنی جاندار اداکاری کے سبب جہاں بھارتی لبرل طبقے میں خوب پسند کئے جاتے ہیں وہاں مسلمان ہونے کے باعث ان کو کئی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، حتی کہ ان کے سماجی بائیکاٹ کیلئے آوازیں اٹھتی دکھائی دیتی ہیں۔ بھارتی حکمران جنتا پارٹی کی رہنما سادھوی پراچی نے کچھ عرصہ قبل ہندووں سے اپیل کی تھی کہ خانز کی فلمیں دیکھنا بند کر دیں۔ دوسری جانب بھارتی عدلیہ بھی مسلمانوں سے تعصب برتنے سے باز نہ آئی اور 2018 میں سلمان خان کو ایک 20 سال پرانے کیس میں 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے اس وقت کے پاکستانی وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ سلمان خان کو مسلمان ہونے کی سزا دی گئی۔