لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ تارا محمود، جنہوں نے 2004 میں شوبز میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور میرے نام، تجھے پتا تو چلے اور آئے نا جیسے گانے گائے، ڈرامہ انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ تارا محمود نے سرکاری ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے انسپکٹر کھوجی سے ڈرامہ انڈسٹری میں ڈیبیو کیا اور اس وقت سے اب تک تارا محمود ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور شخصیت کے طور پر جانی جاتی ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ تارا محمود کا اداکاری کے علاوہ ایک اور ایسا منفرد حوالہ ہے جو مداحوں کے لیے حیرانی کا باعث ہے۔ اداکارہ تارا محمود پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی صاحبزادی ہیں۔
کچھ روز قبل تارا محمود کی جانب سے اپنے والد اور وزیر تعلیم شفقت محمود کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سالگرہ کی مبارکباد پیش کی گئی جس کے بعد مداح یہ جان کر حیران رہ گئے کہ اداکارہ پاکستان کے مقبول سیاستدان کی بیٹی بھی ہیں۔
اداکارہ کی ایک جڑواں بہن بھی ہیں اور وہ مجموعی طور پر تین بہنیں ہیں، تارا محمود اس سے قبل بھی نے اپنے والد اور اہل خانہ کے ساتھ تصاویر شیئر کر چکی ہیں۔