اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک کی خدمت نہیں ملک گروی رکھا، ہر منصوبہ چیخ چیخ کر کہہ رہا کرپشن کا مال بنایا گیا۔
معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ کو اسلامی بانڈز کی سیکیورٹی کے طور پر استعمال کیا گیا، اس سیکیورٹی کے بدلے 182 ارب کے قرض حاصل کیے گئے، 2015 میں اس ایئرپورٹ کے بدلے 117 ارب قرض حاصل کیا گیا، 2016 میں حکومت نے اس عمارت کو رہن رکھوا کر 2 بارقرض حاصل کیا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ن لیگی نااہلوں نے ایم ٹو موٹر وے کے اسلام آباد تا چکوال سیکشن کو بھی رہن رکھا، غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ایک ارب ڈالر حاصل کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال میں 2 بڑے ڈیمز، 4 نئی موٹرویز کا آغاز کیا، 10 بڑے ہسپتالوں جیسے منصوبوں کا آغاز کیا، حکومت نے 20 ارب ڈالر چوروں کا لیا قرض بمعہ سود واپس کیا، بجلی کے مہنگے معاہدوں سے میاں مفرور نے مال بنایا۔