کوروناوائرس نے مزید 2 بھارتی اداکاروں کی جان لے لی

Published On 12 May,2021 05:53 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مقامی فلم نگری کے معروف اداکار مارن اور کامیڈی ڈرامے کے سابق اداکار بھاویا گاندھی بھی کورونا وائرس کے باعث چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 48 سالہ مارن میں گزشتہ دنوں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر پر ہی قرنطینہ میں تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طبیعت خراب ہونے پر انہیں چنئی کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ آج چل بسے ہیں۔

مارن نے کئی سپر ہٹ فلمیں کی ہیں جن میں سے متعدد فلموں میں معاون اداکار کا کردار ادا کیا ہے جبکہ اپنی جاندار اداکاری کے باعث شہرت حاصل کی۔

مارن کے انتقال پر بھارتی فلم نگری میں سوگ کی فضا ہے اور متعدد اداکاروں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دوسری طرف بھارت کے کامیڈی ڈرامے  تارک مہتا کا الٹا چشمہ  کے سابق اداکار بھاویا گاندھی کے والد کورونا کے باعث چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھاویا گاندھی نے تصدیق کی کہ ان کے والد کورونا کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھاویا گاندھی کے والد چند ہفتوں قبل کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور گذشتہ 10 روز سے ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ آج چل بسے۔

23 سالہ اداکار چار سال قبل تک  تارک مہتا کا الٹا چشمہ  میں تیپیندرا جیٹھالال(جیٹھا لال کے بیٹے) کا کردار ادا کررہے تھے اور 2017 میں 8 سال تک یہ کردار ادا کرنے کے بعد وہ اس ڈرامے سے الگ ہوگئے تھے۔

Advertisement