نئی دہلی: (دنیا نیوز) لیجنڈ اداکار دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، انہوں نے 65 سے زائد فلموں میں لازوال کردار نبھائے۔
ایک اور عہد تمام، یوسف خان عرف دلیپ کمار خالق حقیقی سے جا ملے، وہ طویل عرصے سے ممبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں سانس کا مرض لاحق تھا۔ ان کی وفات کی اطلاع ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے سوشل میڈیا پر دی گئی، یہ جانکاہ خبر سنتے ہی دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح غم و اندوہ میں ڈوب گئے۔
With a heavy heart and profound grief, I announce the passing away of our beloved Dilip Saab, few minutes ago.
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) July 7, 2021
We are from God and to Him we return. - Faisal Farooqui
یوسف خان گزشتہ 6 سالوں کے دوران گردے کی تکلیف اور نمونیا کے سبب کئی مرتبہ ہسپتال داخل اور ڈسچارج ہوتے رہے۔ ان کو 6 جون کو سانس لینے میں مشکل کے سبب ہسپتال داخل کروایا گیا جہاں علاج معالجے سے ان کی حالت بہتر ہو گئی۔ ڈاکٹرز نے بھی ان کی صحت تسلی بخش قرار دی، انہیں 11 جون کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ گذشتہ برس کورونا لاک ڈاون کے سبب انہوں نے گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا تھا۔
لیجنڈ اداکار 11دسمبر1922 کو پشاور کے محلہ خداداد میں پیدا ہوئے۔ ان کوحکومت پاکستان کی طرف سے 1998 میں نشان پاکستان عطا کیا گیا جبکہ بھارتی فلم کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے فلم انڈسٹری پر 50 سال سے زائد عرصے تک راج کیا۔ دل کو چھو لینے والی اداکاری کے سبب انہیں شہنشاہ جذبات کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا، ان کی معروف فلموں میں دیوداس، مغل اعظم، گنگا جمنا، رام اور شیام، نیا دور، مادھومتی، کرانتی اور ودھاتا سمیت دیگر شامل ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے برصغیر کے نامور اداکار یوسف خان عرف دلیپ کمار کی وفات پر اظہار افسوس کیا، ان کا کہنا تھا کہ اداکار کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی لیجنڈ اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ ٹریجڈی کنگ کی پہچان رکھنےوالے یوسف خان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، ان کا متبادل ممکن نہیں، ملاقاتوں میں بھی انہیں سحر انگیز شخصیت پایا۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ٹویٹر پیغام میں اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے گلاسکو مسجد کے دورے کے دوران دلیپ کمار کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی، ان کاکہنا تھا کہ دلیپ کمار باکمال صلاحیتوں کے حامل فنکار اور منکسرالمزاج شخصیت کے مالک تھے، فن کے لیے ان کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
ناموراداکار @TheDilipKumar کے انتقال کی خبرسن کر افسردہ ہوں ان سے گلاسکو کی مسجد کے دورے کے دوران ایک یادگارملاقات ہوئی وہ ایک کامیاب ترین فنکار کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھے انکی فن کیلئے خدمات ہمیشہ یادرہے رہیں گی غم کی اس گھڑی میں انکی فیملی کے ساتھ ہیں
— Mohammad Sarwar (@ChMSarwar) July 7, 2021
#DilipKumar pic.twitter.com/TvIO9so3mI