ممبئی:(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کنگ کے بیٹےکے بارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی ) نے کہا ہے کہ آریان خان نشے کا باقاعدہ عادی ہے جس کے بعد ممبئی کی سیشن کورٹ نے ایک مرتبہ پھر مسترد ضمانت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دیدیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کی سیشن کورٹ میں منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔دوران سماعت نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے وکیل انیل سنگھ نے عدالت میں کہا یہ حقیقت ہے کہ آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں ضمانت ملنی چاہئے۔
انیل سنگھ نے عدالت میں آریان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دلیل دیتےہوئے کہا عدالت میں پیش کیے جانے والے ریکارڈوشواہد سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان گزشتہ چند برسوں سے باقاعدہ منشیات کے عادی ہیں۔ آریان خان کے ساتھ گرفتار ہونے والے ارباز مرچنٹ کے پاس سے جو منشیات بر آمد ہوئی وہ ان دونوں کے استعمال کے لیے تھی۔
این سی بی کے وکیل نے آریان خان کے کیس کا موازنہ اداکارہ ریا چکربورتی کے بھائی شویک چکربورتی سے کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس سے بھی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی لیکن اس وقت عدالت نے کہا تھا کہ معاملے کی تحقیقات جارہی ہیں۔
وکیل کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ غیر اہم ہے کہ کتنی منشیات برآمد ہوئی کیونکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آریان خان منشیات کا باقاعدہ عادی ہے اور ارباز مرچنٹ کے ذریعے منشیات خریدتا ہے۔
انیل سنگھ نے عدالت میں مزید کہا این ڈی پی ایس ایکٹ میں ایسی دفعات ہیں جن کا منشیات کی مقدار سے کوئی لینا دینا نہیں لہٰذا یہ کہنے کی کوئی دلیل نہیں بن سکتی کہ سزا صرف ایک سال کے لیے ہے۔ ایک بار جب منشیات فروشوں سے کنیکشن قائم ہوجائے تو مقدار اہم نہیں ہوتی۔ انیل سنگھ نے کہا میری عدالت سے گزارش ہے کہ یہ کیس ضمانت کا نہیں ہے۔
این سی بی کے وکیل نے مزید کہا مجرم ثابت ہونے تک بے گناہ نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) کے جرائم کے مقدمات میں لاگو نہیں ہوتا۔
انیل سنگھ کے دلائل سننے کے بعد ممبئی کی سیشن کورٹ نے آریان خان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اگلی سماعت جو کہ 20اکتوبر کو ہونی ہے تب تک جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔