نئی دہلی:(ویب ڈیسک)بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کانگریس میں شامل ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اور نوجوت سنگھ سدھو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گلوکار نے کہا کہ وہ اپنے لوگوں کے لئے آواز اٹھانا چاہتے ہیں، یہ میری پہلی پریس کانفرنس ہے، تین سال پہلے میں نے گانا شروع کیا تھا اور اب ایک نیا قدم اٹھا رہا ہوں۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو اپنے گانوں میں مبینہ طور پر تشدد اور بندوق کے کلچر کو فروغ دینے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
گلوکار اور 6پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد کے خلاف 5 مئی 2020 کو دھوری صدر پولیس سٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 51 کے تحت ایک ویڈیو پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں گلوکار کو نجی ہتھیار سے فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھدیپ سنگھ سدھو ہے جن کا تعلق مانسا ضلع کے موسا گاؤں سے ہے اور ان کی والدہ گاؤں کی سربراہ ہیں۔