لاہور:(دنیا نیوز)گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کے ہتک عزت کے دعویٰ پر مصالحت کی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے۔
سیشن کورٹ میں گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف 100کروڑ روپے کے دعویٰ پر سماعت ہوئی ، گلوکارہ کے بیان پر جرح مکمل نہ ہوسکی اور عدالت نے سماعت کل صبح دس بجے تک ملتوی کردی ہے۔
خیال رہے کہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اورگلوکار نے اداکارہ کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کررکھا ہے۔
سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کے ہتک عزت کے دعویٰ پر مصالحت کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں تو عدالت میں جرح کروا کر آئی ہوئی ، یہ اطلاعات بالکل غلط ہیں ، میرا یہ یقین ہے کہ زندگی میں جو بھی مشکل وقت آتے ہیں وہ اتفاقاً نہیں آتے ۔
میشا شفیع نے مزید کہا کہ یہ ساری مشکل اور ساری ذلت جو میں نے بولنے سے لیکر اب تک دیکھی ہے اس کے بعد خواتین اور بچوں کو کوئی نا کوئی تحفہ دیکر ہی جاؤں گی، پہلے دن سے میرا شوہر اس معاملے پر سب سے بڑا میرا حمایتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں اس طرح کا کیس پہلے کبھی دیکھا نہیں ،تجربے کے بعد ہی بندہ سیکھتا ہے، اس کیس کے بعد ہم شاید ہی روشن خیالی کی طرف جا سکیں۔