لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے مشیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہزاد اکبر مجھ پر وقت ضائع کرنے کے بجائے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کیس پر توجہ دیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ مذاق نہيں، ٹک ٹاک سٹار حريم شاہ کی ويڈيو کو درگزر نہيں کريں گے اور اس سلسلے میں سنجيدہ ايکشن ہوگا۔
لندن میں ٹک ٹاک سٹار کی ایک ویڈیو انسٹا گرام پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کہہ رہی ہیں کہ کہا جاتا ہے سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج لے کر آئیں گے، کل لائیں گے، آج تک تو کچھ کر نہیں سکے، میں تو معمولی شخصیت ہوں۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر کے خط سے خائف نہیں، لندن میں چِل کر رہی ہوں، برطانیہ میں ثبوت چلے گا باتیں نہیں، حکام کے رابطوں اور کیسوں سے نہیں گھبراتی، کچھ اور حقائق بھی بتاسکتی ہوں۔
حریم شاہ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مشیر داخلہ شہزاد اکبر مجھ پر وقت ضائع کرنےکے بجائے نواز شریف کے کیس پر توجہ دیں، شہزاد اکبر، نواز شریف کو تو یہاں سے ہلا نہیں سکے، وہ یہاں اپنی زندگی مزے سے گزار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خود مشہور ہونے کے لیے میرے خلاف خط لکھنے کی بات ہورہی ہے، پاکستانی پاسپورٹ کی قدر کےحوالے سے خبر بھی آگئی ہے،میں نے بھی تو سچی بات کی تھی، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ اور کرنسی کی قدر مزید گرتی جا رہی ہے۔