لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ میرا نے عتیق الرحمٰن سے نکاح درست قرار دینے کا فیصلہ چیلنج کردیا۔
میرا نے فیملی عدالت اور سیشن عدالت کے فیصلوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل کی ، لاہور ہائیکورٹ نے عتیق الرحمٰن سمیت تمام فریقین سے 13 اپریل تک جواب طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ ایڈیشنل سیشن جج مظہرعباس نے 16صفحات پر مشتمل اداکارہ میرا تکذیب نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اداکارہ میرامخالف فریق عتیق الرحمٰن سے نکاح نامہ جھوٹا، جعلی قرار دینے میں ناکام رہی ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اداکارہ میرا فیملی عدالت میں تکذیب نکاح کا دعویٰ بھی ثابت نہیں کر سکیں۔ اداکارہ میرا نے2 ستمبر2007 کو عتیق الرحمٰن سے نکاح کیا تھا۔
میرا نے ایسا گواہ پیش نہیں کیا جو نکاح نامے پر دستخط جعلی ہونے کی گواہی دے، اداکارہ میرا نے نکاح نامہ پر دستخطوں کے موازنے کی بھی درخواست دائر نہیں کی، میرا اپنے انگوٹھے کے نشان اور دستخط نہ ہونے پر مطمئن تھیں تو موازنہ کراتیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ میرا نے عتیق الرحمٰن پر جعلی نکاح نامہ تیار کرنے کا الزام لگایا تھا اور عتیق الرحمٰن کیساتھ نکاح نامہ جھوٹا قرار دینے کی استدعا کی تھی۔
اس سے قبل فیملی کورٹ نے بھی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دیا تھا تاہم فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف میرا نے اپیل دائر کر رکھی تھی، اداکارہ میرا کی اپیل پر ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے بھی فیصلہ سناتے ہوئے ان کی تکذیب نکاح کی درخواست مسترد کر دی تھی۔