ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارت کی سابقہ اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی حجاب تنازع پر لب کشائی کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ اسلام میں حجاب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ایک فریضہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں بالی ووڈ کو خیر باد کہنے والی زائرہ وسیم نے لکھا کہ اسلام میں حجاب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ایک فریضہ ہے، اسی طرح جب ایک عورت حجاب پہنتی ہے تو وہ اس فریضہ کو پورا کررہی ہوتی ہے جو اسے اس کے اللہ نے دیا ہے جس سے وہ محبت کرتی ہے اور اپنی محبت کے اظہار میں وہ بتارہی ہوتی ہے کہ اس نے اپنے آپ کو اس کے سپرد کردیا ہے۔
سابقہ اداکارہ نے ہندو انتہا پسندوؤں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا آپ انہیں (مسلم خواتین کو) ایک بہت ہی محدود انتخاب کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ آپ کے ایجنڈا کو فروغ دیتا ہے اور پھر ان پر تنقید بھی کررہے ہیں جب کہ وہ آپ ہی کے ذریعہ بنائی گئی چیزوں میں قید ہیں۔
زائرہ وسیم نے خود کو مثال کے طور پیش کرتے ہوئے لکھا میں ایک عورت کے طور پر جو کہ شکرگزاری اور عاجزی کے ساتھ حجاب پہنتی ہوں اس پورے نظام کی مخالفت کرتی ہوں جہاں خواتین کو صرف ایک مذہبی وابستگی کی وجہ سے روکا اور ہراساں کیا جارہا ہے، مسلم خواتین کے خلاف تعصب کو فروغ دینا اور ایسا نظام قائم کرنا جہاں انہیں تعلیم اور حجاب میں سے ایک کو منتخب کرنا اور دوسرے سے دستبردار ہونا ہو سراسر ناانصافی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں حکومت کی جانب سے اسکول اور کالجوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف کئی مشہور شخصیات نے آواز اٹھائی ہے۔