لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
مہوش حیات اور فلم نیور ہیو آئی ایور کی ہدایتکارہ لینا خان کو میڈیا پر مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے یوکے مسلم فلم (UKMF) کی چیریٹی کا سرپرست منتخب کرلیا گیا ہے۔
اداکار اور پروڈیوسر ساجد وردہ کے قائم کیے ہوئے پلیٹ فارم یوکے مسلم فلم (UKMF) کا مقصد سکرین پر مسلمانوں کے کرداروں سے جڑے ہوئے منفی تاثرات کو تبدیل کرنا ہے اور ساتھ ہی ساتھ اسکرین سے باہر مسلمانوں کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔
اس موقع پر مہوش حیات نے کہا کہ سکرین پر مسلمانوں کی نمائندگی کو اجاگر کرنے کے لیے میں پچھلے کچھ سالوں سے انتھک محنت کر رہی ہوں، مسلمانوں کی منفی انداز میں اسکرین پر نمائندگی نےہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور میرا ایمان ہے کہ اسلامو فوبیاکو بھی اسی وجہ سے عروج حاصل ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ یوکے مسلم فلم (UKMF) کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انڈسٹری کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں کہ جس طرح سے ہمیں اسکرین پر پیش کیا جاتا ہے، وہ اگر مثبت نہیں تو کم از کم منصفانہ تو ہو۔ بحیثیت مسلمان ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنی سچی کہانیاں دوسروں کو سنائیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں بہت پرجوش ہوں یوکے مسلم فلم (UKMF) اُبھرتے ہوئے مسلم ٹیلنٹ کو سپورٹ کرے گا اور اپنے کام کو سامعین تک پہنچانے میں ان کی مدد کرے گا۔