لاہور: (دنیا نیوز)پاکستانی فلم انڈسٹری کی ملکہ جذبات نیئرسلطانہ نے طویل عرصے تک انڈسٹری پر راج کیا ، دو سو سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری کی دھاک بٹھائی، انہیں مداحوں سے بچھڑے 30 برس بیت گئے مگر ان کا فن آج بھی زندہ ہے۔
کبھی رومانوی کردار ادا کیا تو کبھی غمزدہ لڑکی کے روپ میں نظر آئیں، نیئر سلطانہ نے جو کام بھی کیا بے مثال کیا۔
نازلی کے فلمی نام سے فنی سفر شروع کرنے والی نیئر سلطانہ نے1955 میں فلم ’’قاتل‘‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، بعد میں اداکار درپن کے ساتھ ان کی جوڑی کو بہت پذیرائی ملی اور پھر دونوں شریک حیات بھی بن گئے۔
نیئر سلطانہ کی مشہور فلموں میں ثریا ، سہیلی ، سزا ، گھونگھٹ ، امراؤ جان ادا ، وڈا خان اور بہشت شامل ہیں، مختلف کرداروں میں ان کی بے مثال اداکاری پر انہیں ملکہ جذبات کہا گیا۔
1935 میں بھارتی شہر علی گڑھ میں پیدا ہونے والی نیئر سلطانہ کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد 27 اکتوبر1992 کو اپنے مداحوں کو اداس چھوڑ کر چل بسیں۔